اشتہاری صنعت میں ڈیجیٹل دنیا کے اشتہارات کا غلبہ جاری ہے اور ایک سال کے دوران اس میں 22.6 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔
پی ڈبلیو سی کی رپورٹ کے مطابق 2021 میں ڈیجیٹل اشتہارات پر دنیا بھر میں 747 ارب ڈالرز خرچ کیے گئے۔
اس سے قبل 2020 میں آن لائن اشتہارات میں لگ بھگ 7 فیصد کی کمی آئی تھی مگر 2021 میں ڈیجیٹل اشتہارات کا غلبہ رہا۔
رپورٹ کے مطابق 2026 تک آن لائن اشتہارات کی آمدنی میں 6.6 فیصد اضافہ متوقع ہے۔
انٹرنیٹ اشتہارات کی آمدنی میں 2021 میں زیادہ اضافہ دیکھنے میں آیا اور اس پر کمپنیوں کی جانب سے 9.1 فیصد زیادہ رقم خرچ کی گئی۔
2026 تک ڈیجیٹل اشتہارات کی آمدنی ایک ہزار ارب ڈالرز تک پہنچ جانے کا امکان ہے۔
اس کے مقابلے میں روایتی میڈیا یعنی ٹی وی پر اشتہاری آمدنی 2021 کے دوران 231 ارب ڈالرز رہی۔
رپورٹ کے مطابق ٹی وی اشتہارات کی آمدنی 2026 تک 0.8 فیصد کمی سے 222 ارب ڈالرز رہنے کا امکان ہے۔
2021 میں لوگوں نے دنیا بھر میں 215 ارب ڈالرز ویڈیو گیمز اور ای اسپورٹس پر خرچ کیے جبکہ اوور دی ٹاپ (او ٹی ٹی) ویڈیو اسٹریمنگ کی آمدنی 79.1 ارب ڈالرز رہی۔